اسلام آباد | ری نیوز پاکستان
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ قرض کیلئے بینکوں کو درکار ضروری دستاویزات کی تعداد پانچ کر دی گئی ہے۔ وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اس حوالے سے بینکوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ہاؤسنگ فنانس کیلئے ضروری دستاویزات کو محدود اور معیاری بنایا گیا ہے۔ ان پانچ دستاویزات میں ٹرانسفر لیٹر، پوزَیشن لیٹر، سائٹ کا نقشہ، مورگیج کی اجازت کا خط اور مورگیج کی رجسٹریشن شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد قرض کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانا، درخواست گزاروں کو غیر ضروری دستاویزی تقاضوں سے نجات دلانا اور گھر کی تعمیر کیلئے مالی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانا ہے۔
وزارت کے مطابق وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کے تحت پہلی بار گھر بنانے والے افراد کیلئے ایک کروڑ روپے تک قرض کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل بینکوں کی جانب سے قرض کے درخواست گزاروں سے بڑی تعداد میں دستاویزات طلب کیے جانے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ ضروری کاغذات کی تعداد محدود کرنے اور ان کے تقاضوں کو معیاری بنانے کا اقدام انہی مشکلات کو کم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی ترامیم سے بالخصوص پہلی بار گھر کی تعمیر کیلئے قرض حاصل کرنے والے افراد کو ریلیف ملے گا اور پروگرام سے استفادہ کرنے کا عمل مزید آسان ہوگا۔