تاریخ اشاعت: August 21, 2026 - 5:04 PM
US Housing Market Shifts as Affordability Crisis Leaves Buyers on the Sidelines
امریکہ کی ہاؤسنگ مارکیٹ تبدیل، مہنگے گھروں کے خریداروں کی تعداد میں کمی واقع ہوگئی
▫️بلند قیمتوں، مہنگے رہن قرضوں اور گھریلو مالی دباؤ نے خاص طور پر پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں اور محدود بجٹ رکھنے والے خاندانوں کیلئے اپنی رہائش خریدنا مزید مشکل بنا دیا ہے
امریکہ کی ہاؤسنگ مارکیٹ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے جہاں بنیادی مسئلہ اب صرف یہ نہیں رہا کہ فروخت کیلئے کافی گھر موجود ہیں یا نہیں، بلکہ اصل سوال یہ بن گیا ہے کہ کتنے امریکی ان گھروں کو خریدنے کی مالی استطاعت رکھتے ہیں۔
اگرچہ ملک میں فروخت کیلئے نئے گھروں کی تعداد ریکارڈ سطح پر نہیں پہنچی، تاہم کئی مارکیٹوں میں خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان توازن تبدیل ہو رہا ہے۔ گھروں کی خریداری کیلئے میدان میں موجود ممکنہ خریداروں کی تعداد کم ہو رہی ہے، جس کے باعث بعض جائیدادیں زیادہ عرصے تک مارکیٹ میں جوں کی توں پڑی ہیں جبکہ موجود خریداروں کو قیمت اور دیگر شرائط پر زیادہ سودے بازی کا موقع مل رہا ہے۔
یہ صورتحال کورونا وبا کے دوران اور اس کے فوری بعد کی ہاؤسنگ مارکیٹ سے نمایاں طور پر مختلف ہے، جب گھروں کی محدود دستیابی اور غیر معمولی طلب کے باعث اکثر ایک ہی گھر کیلئے کئی خریدار سامنے آتے تھے اور قیمتیں تیزی سے بڑھتی تھیں۔
اب گھروں کی خریداری کی استطاعت ہاؤسنگ طلب کیلئے سب سے بڑی رکاوٹوں میں سے ایک بن چکی ہے۔ ملک کے کئی علاقوں میں گھروں کی قیمتیں اب بھی بلند ہیں جبکہ رہن قرضوں کی مہنگی شرحوں نے ماہانہ اقساط کا بوجھ بھی بڑھا دیا ہے۔ اس صورتحال نے خاص طور پر پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں اور محدود بجٹ رکھنے والے خاندانوں کیلئے اپنی رہائش خریدنا مزید مشکل بنا دیا ہے۔
اسی وجہ سے بعض علاقوں میں یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ مارکیٹ میں گھروں کی فراہمی بہتر ہو گئی ہے، حالانکہ نئے گھروں کی فہرستوں میں غیر معمولی اضافہ نہیں ہوا۔ جب خریداروں کی تعداد کم ہو تو موجود گھر فروخت ہونے میں زیادہ وقت لیتے ہیں اور کسی بھی وقت مارکیٹ میں دستیاب گھروں کی مجموعی تعداد بڑھ جاتی ہے۔
اس تبدیلی سے ایسے خریداروں کی پوزیشن مضبوط ہو رہی ہے جو اب بھی گھر خریدنے کی مالی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جہاں طلب کمزور ہوئی ہے وہاں خریدار قیمت میں کمی، لین دین کے اخراجات، مرمت اور دیگر شرائط پر زیادہ مؤثر انداز میں مذاکرات کر سکتے ہیں۔
فروخت کنندگان کیلئے یہ صورتحال نسبتاً مشکل ثابت ہو رہی ہے۔ وہ گھر جو ماضی میں چند دنوں میں کئی پیشکشیں حاصل کر لیتے تھے، اب زیادہ عرصہ مارکیٹ میں رہ سکتے ہیں، جبکہ بعض فروخت کنندگان کو قیمت کم کرنے یا اضافی رعایتیں دینے پر بھی مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
تاہم پورے امریکہ میں صورتحال یکساں نہیں ہے۔
کئی علاقوں میں اب بھی گھروں کی شدید کمی موجود ہے، خاص طور پر وہاں جہاں نئی تعمیرات آبادی اور نئے گھرانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مطابق نہیں ہو سکیں۔ ایسے علاقوں میں محدود فراہمی بلند قیمتوں کو سہارا دے سکتی ہے، چاہے خریداروں کی مالی استطاعت پر دباؤ برقرار رہے۔
اس کے برعکس بعض دوسری مارکیٹوں میں صورتحال تیزی سے خریداروں کے حق میں تبدیل ہو رہی ہے۔ جہاں طلب کے مقابلے میں دستیاب گھروں کی تعداد بڑھ گئی ہے، وہاں فروخت کنندگان محدود خریداروں کیلئے ایک دوسرے سے زیادہ مقابلہ کر رہے ہیں۔ ایسے علاقوں میں گھروں کو فروخت ہونے میں زیادہ وقت لگنے، قیمتوں میں لچک اور خریداروں کی سودے بازی کی طاقت بڑھنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
یوں امریکی ہاؤسنگ مارکیٹ میں علاقائی فرق مزید واضح ہوتا جا رہا ہے۔ اب پورے ملک کیلئے ایک ہی رجحان بیان کرنا مشکل ہے کیونکہ مختلف شہروں اور ریاستوں میں گھروں کی فراہمی، طلب، نئی تعمیرات، قیمتوں اور شہریوں کی قوت خرید کے مطابق حالات مختلف ہیں۔
ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے بنیادی سوال بھی تبدیل ہو چکا ہے۔ مسئلہ اب صرف یہ نہیں کہ امریکہ میں فروخت کیلئے کافی گھر موجود ہیں یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ کتنے امریکی ان گھروں کو خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں۔
موجودہ رجحانات یہی ظاہر کرتے ہیں کہ خریداروں کی تعداد کم ہو رہی ہے، مارکیٹ میں موجود خریداروں کی سودے بازی کی طاقت بڑھ رہی ہے اور ان علاقوں کے درمیان فرق مزید گہرا ہو رہا ہے جہاں گھروں کی کمی برقرار ہے اور جہاں فروخت کنندگان خریداروں کیلئے ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔