تاریخ اشاعت: July 29, 2026 - 11:31 AM
UK Property Investment Reaches £10 Billion as Living Sector Takes the Lead
برطانیہ میں پراپرٹی سرمایہ کاری 10 ارب پاؤنڈ تک پہنچ گئی، رہائشی شعبہ سب سے آگے
▫️رہائشی اور رینٹل پراجیکٹس نے 4 ارب پاؤنڈ حاصل کیے، بڑی ڈیلز کے باوجود مجموعی لین دین میں 20 فیصد کمی ریکارڈ
برطانیہ میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پراپرٹی کے شعبے میں مجموعی سرمایہ کاری 10 ارب پاؤنڈ تک پہنچ گئی، جس میں رہائشی اور رہائش سے متعلق منصوبوں نے سب سے بڑا حصہ حاصل کیا۔
پراپرٹی کنسلٹنسی ادارے لیمبرٹ اسمتھ ہیمپٹن کی تازہ رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون 2026 کے دوران سرمایہ کاری کا حجم پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 7 فیصد کم رہا، جبکہ یہ گزشتہ پانچ سال کی سہ ماہی اوسط سے بھی 17 فیصد کم تھا۔ مشرق وسطیٰ کی جنگ اور عالمی مالیاتی حالات میں تبدیلی کے باعث سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کیا، جس سے مکمل ہونے والے سودوں کی تعداد میں 20 فیصد کمی آئی۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی سرمایہ کاری کو چند بہت بڑی ڈیلز نے سہارا دیا۔ سہ ماہی کے دوران 10 کروڑ پاؤنڈ سے زیادہ مالیت کے 25 سودے مکمل ہوئے، جو مجموعی سرمایہ کاری کے 62 فیصد کے برابر تھے۔ چار سودوں کی مالیت 50 کروڑ پاؤنڈ سے زیادہ رہی۔
سب سے بڑی ڈیل مورگن سٹینلے اور رج بیک کی جانب سے میٹرا لیونگ کے نجی ریزیڈنشل گھروں کے پورٹ فولیو کی ایک ارب پاؤنڈ میں خریداری تھی۔
رہائشی اور رہائش سے متعلق شعبے میں مجموعی طور پر 4 ارب پاؤنڈ کی سرمایہ کاری ہوئی، جو گزشتہ پانچ سال کی سہ ماہی اوسط کے برابر ہے۔ کرایے کیلئے تعمیر کیے جانے والے گھروں اور نجی کرایہ کی رہائش میں سرمایہ کاری ریکارڈ 2 ارب پاؤنڈ تک پہنچ گئی، جو معمول کی اوسط سے 39 فیصد زیادہ ہے۔
ریٹیل پراپرٹی میں ایک ارب 70 کروڑ پاؤنڈ کی سرمایہ کاری ہوئی، جس میں ریٹیل ویئر ہاؤسز کا حصہ ایک ارب پاؤنڈ رہا۔ فریزرز گروپ کی جانب سے دو ڈیزائنر آؤٹ لیٹ مراکز کی تقریباً 40 کروڑ پاؤنڈ میں خریداری نے بھی اس شعبے کو سہارا دیا۔
دفاتر کے شعبے میں 2 ارب 60 کروڑ پاؤنڈ کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ اس میں بارکلیز کی جانب سے لندن میں واقع اپنے مرکزی دفتر ون چرچل پلیس کی 75 کروڑ پاؤنڈ میں خریداری نمایاں رہی۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 5 ارب 20 کروڑ پاؤنڈ کی پراپرٹیز خریدیں، جو سہ ماہی کی کل سرمایہ کاری کے نصف سے زیادہ ہے۔ شمالی امریکی سرمایہ کاری 2 ارب 70 کروڑ پاؤنڈ جبکہ یورپی سرمایہ کاری ایک ارب 70 کروڑ پاؤنڈ رہی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سیاسی بے یقینی کے باوجود برطانوی پراپرٹی مارکیٹ کی بنیادی صورتحال مضبوط ہے۔ معیاری عمارتوں اور رہائشی یونٹس کی محدود فراہمی کرایوں میں اضافے اور طویل مدتی سرمایہ کاری کی طلب کو سہارا دے رہی ہے۔