میڈرڈ | ری نیوز پاکستان
سپین میں رہائشی جائیدادوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، کرایوں میں غیرمعمولی اضافے اور کرایہ داروں کی جبری بے دخلی کے واقعات کے باعث ہاؤسنگ بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کرایہ داروں کے تحفظ کیلئے متعارف کرائے گئے نئے اقدامات پر پراپرٹی مالکان، سرمایہ کاروں اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں، جبکہ کرایہ داری قوانین اور جائیداد میں سرمایہ کاری کے مستقبل کے حوالے سے نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی 21 اکتوبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق اسپین میں گزشتہ پانچ سال کے دوران رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں تقریباً 58 فیصد اور کرایوں میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے خصوصاً بڑے شہروں میں متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے مناسب رہائش حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
ہاؤسنگ بحران کے دوران 87 سالہ خاتون ماری کارمین اباسکال کو میڈرڈ میں ان کی رہائش گاہ سے بے دخل کیے جانے کے واقعے نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کو جنم دیا۔ خاتون تقریباً سات دہائیوں سے اسی مکان میں رہائش پذیر تھیں۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بے دخلی کے تقریباً دو ہفتے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔واقعے کے بعد میڈرڈ سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین نے کرایوں کو منجمد کرنے، رہائشی معاہدوں میں توسیع اور مالی طور پر کمزور کرایہ داروں کو بے دخلی سے تحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔
اس صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت نے اکتوبر کے آغاز میں ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کیلئے دو اہم قانونی اقدامات کی منظوری دی۔ ان میں کرایوں پر پابندیاں، بعض کرایہ داروں کی بے دخلی کو عارضی طور پر روکنے اور بڑی کمپنیوں کی جانب سے رہائشی جائیدادوں کی خریداری پر سخت شرائط عائد کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
مجوزہ حفاظتی اقدامات کے تحت مخصوص شرائط پر کمزور کرایہ داروں کو 2030 تک بے دخلی سے تحفظ دینے اور بعض موجودہ کرایہ داری معاہدوں میں کرایے منجمد رکھنے کی پالیسی بھی شامل ہے۔ تاہم مختلف قانونی اقدامات کے نفاذ اور پارلیمانی منظوری کی حیثیت یکساں نہیں، جبکہ ان کے بعض حصوں پر سیاسی اختلافات برقرار ہیں۔
وزیراعظم پیڈرو سانچیز کا مؤقف ہے کہ نئی قانون سازی کا مقصد ایسے سرمایہ کاروں کی سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے جو رہائشی جائیدادوں کو بنیادی انسانی ضرورت کے بجائے منافع خوری اور سٹے بازی کا ذریعہ بناتے ہیں۔