تاریخ اشاعت: August 17, 2026 - 12:33 PM
Malaysia Emerges as Key Southeast Asian Real Estate Growth Market as Cross Border Investment Expands
سرحد پار سرمایہ کاری میں اضافے کے ساتھ ملائیشیا جنوب مشرقی ایشیا کی اہم رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کے طور پر ابھرنے لگا
▫️پینانگ کا سلیکون آئی لینڈ، گریٹر کوالالمپور کا بہتر ہوتا ریل نیٹ ورک اور سرمایہ کاری دوست پالیسیاں نئی پراپرٹی مواقع پیدا کر رہی ہیں
ملائیشیا جنوب مشرقی ایشیا میں بدلتی ہوئی معیشت اور رئیل اسٹیٹ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے والے اہم ممالک میں شامل ہو رہا ہے۔ سرحد پار اقتصادی روابط، صنعتی تنوع، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور بہتر ٹرانسپورٹ نظام ملک کی پراپرٹی مارکیٹ کیلئے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
عالمی کمرشل رئیل اسٹیٹ سروسز اور سرمایہ کاری مینجمنٹ کمپنی جے ایل ایل کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا وقتی معاشی بحالی کے مرحلے سے نکل کر طویل مدتی سٹرکچرل ڈویلپمنٹ کی طرف بڑھ رہا ہے اور ملائیشیا اس تبدیلی سے فائدہ اٹھانے کیلئے مضبوط پوزیشن میں ہے۔
جے ایل ایل کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کی ترقی اب سرحد پار اقتصادی روابط اور صنعتی راہداریوں سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔ اس تبدیلی سے صنعتی، کمرشل، رہائشی اور لاجسٹکس سمیت پراپرٹی مارکیٹ کے کئی شعبوں میں نئی طلب پیدا ہو سکتی ہے۔
اہم منصوبوں میں جوہر۔سنگاپور سپیشل اکنامک زون (JS-SEZ) نمایاں ہے، جسے جے ایل ایل نے خطے کا سب سے اہم سرحد پار ترقیاتی منصوبہ قرار دیا ہے۔
یہ اقتصادی زون جوہر اور سنگاپور کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کو زیادہ مربوط بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے نتیجے میں دونوں جانب فیکٹریوں، گوداموں، لاجسٹکس سہولتوں، دفاتر، رہائش اور دیگر کمرشل منصوبوں کی طلب میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
جوہر ڈیجیٹل معیشت میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے اور اسے ممکنہ عالمی ڈیٹا سینٹر مرکز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ پیش رفت خطے میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے مرکز کے طور پر ملائیشیا کے بڑھتے کردار کی عکاسی کرتی ہے اور صنعتی زمین، بجلی کے انفراسٹرکچر اور متعلقہ کمرشل ترقی کی طلب میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔
یہ نکات جے ایل ایل کی رپورٹ میں شامل کئے گئے ہیں، جس میں جنوب مشرقی ایشیا میں جاری ساختی تبدیلیوں اور ان کے سرمایہ کاری اور رئیل اسٹیٹ مواقع پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
جے ایل ایل نے پینانگ کو بھی ایک اہم ترقیاتی مرکز قرار دیا ہے۔ سلیکون آئی لینڈ منصوبہ اس ریاست کی اعلیٰ قدر والی صنعتوں اور ٹیکنالوجی سے متعلق سرمایہ کاری میں اہمیت مزید بڑھا سکتا ہے۔
پینانگ کے قائم شدہ صنعتی علاقوں میں زمین کی محدود دستیابی کے باعث قریبی ریاستوں کیلئے بھی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ جے ایل ایل کے مطابق کیدہ اور پیراک جیسی ریاستیں اضافی زمین اور ترقیاتی مواقع تلاش کرنے والی کمپنیوں کی بڑھتی طلب سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
گریٹر کوالالمپور میں بھی اسی نوعیت کی تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ریل رابطوں میں بہتری سے صنعتی منصوبوں اور نئی ٹاؤن شپ کیلئے زیادہ علاقے قابل رسائی ہو رہے ہیں، جس سے ایسے مقامات بھی سرمایہ کاری کیلئے سامنے آ سکتے ہیں جو پہلے دارالحکومت کے بڑے اقتصادی مراکز سے نسبتاً کم منسلک سمجھے جاتے تھے۔
اسی دوران کوالالمپور ایرو سپیس سمیت جدید اور زیادہ قدر والی صنعتوں کی طرف بھی بڑھ رہا ہے، جس سے مخصوص صنعتی اور کمرشل پراپرٹی منصوبوں کیلئے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
جے ایل ایل کے جنوب مشرقی ایشیا کیلئے ہیڈ آف ریسرچ اینڈ ایڈوائزری ڈاکٹر یانگ لیانگ چوا کے مطابق ملائیشیا اس بڑی تبدیلی کی مثال ہے جو پورے جنوب مشرقی ایشیا میں ہو رہی ہے، جہاں اقتصادی ترقی اب صرف ایک بڑے شہر تک محدود رہنے کے بجائے باہم منسلک راہداریوں اور نیٹ ورکس کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوہر۔سنگاپور محور صرف روایتی سرحد پار تعاون نہیں بلکہ اس بات کی نئی مثال ہے کہ اقتصادی سرگرمی کو باہم منسلک علاقوں میں کس طرح تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
اس تبدیلی کے پراپرٹی شعبے پر بھی نمایاں اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ سرمایہ کاری اب صرف بڑے شہروں اور مرکزی کاروباری علاقوں تک محدود رہنے کے بجائے نئی ٹرانسپورٹ راہداریوں، صنعتی کلسٹرز اور سرحد پار اقتصادی زونز کے ساتھ زیادہ وسیع علاقوں میں پھیل سکتی ہے۔
ملائیشیا کا مجموعی سرمایہ کاری ماحول بھی طویل مدتی مواقع اور خطے میں سرمایہ کاری کے خطرات کو تقسیم کرنے کی خواہش رکھنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کیلئے ملک کی کشش بڑھا رہا ہے۔
جے ایل ایل ملائیشیا کی ہیڈ آف ریسرچ اینڈ ایڈوائزری یولیا نیکولیچیوا کے مطابق ملک کا متنوع اقتصادی نظام بڑے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو کئی فوائد فراہم کرتا ہے۔
ان فوائد میں نئی کمپنیوں کیلئے پرکشش مراعات، قابل اعتماد یوٹیلیٹی نیٹ ورک، ہنرمند افرادی قوت، ٹورینز سسٹم پر مبنی واضح اراضی ملکیت نظام اور سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے والا مؤثر قانونی ڈھانچہ شامل ہیں۔
یہ عوامل ایسے وقت میں ملائیشیا کی مسابقتی حیثیت مزید مضبوط کر سکتے ہیں جب کثیر القومی کمپنیاں ایشیا میں اپنی سپلائی چین، مینوفیکچرنگ مقامات اور سرمایہ کاری حکمت عملیوں کا دوبارہ جائزہ لے رہی ہیں۔
رئیل اسٹیٹ شعبے کیلئے یہ تبدیلی صنعتی پارکس، لاجسٹکس سہولتوں، ڈیٹا سینٹرز، کمرشل منصوبوں، رہائش اور مربوط ٹاؤن شپ کی طویل مدتی طلب میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔
سنگاپور کے قریب ہونے اور JS-SEZ کی وجہ سے جوہر کی اہمیت برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ پینانگ اور اس سے ملحقہ شمالی ریاستیں ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ شعبوں کی توسیع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ دوسری جانب گریٹر کوالالمپور زیادہ قدر والی صنعتوں اور بڑے شہری ترقیاتی منصوبوں کا اہم مرکز رہنے کی توقع ہے۔
جے ایل ایل کے جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملائیشیا میں پراپرٹی مارکیٹ کی اگلی ترقی صرف بڑے شہروں کے گرد نہیں بلکہ باہم منسلک اقتصادی راہداریوں کے ساتھ زیادہ وسیع پیمانے پر سامنے آ سکتی ہے، جس سے ملک بھر میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔