تاریخ اشاعت: July 18, 2026 - 12:30 PM
Major Indian Real Estate Technological Company Aurum PropTech Signs INR 458 Crore Deal to Acquire Housing.com
معروف بھارتی رئیل اسٹیٹ ٹیکنالوجی کمپنی اورم پراپ ٹیک کا 'ہاؤسنگ ڈاٹ کام' 458 کروڑ روپے میں خریدنے کا معاہدہ
▫️آل ایکویٹی ٹرانزیکشن کے تحت پراپرٹی سرچ، فنانسنگ، کرایہ داری اور مینجمنٹ سروسز ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوں گی
بھارتی رئیل اسٹیٹ ٹیکنالوجی کمپنی اورم پراپ ٹیک نے ہاؤسنگ ڈاٹ کام کی مالک کمپنی لوکون سلوشنز کے 100 فیصد حصص حاصل کرنے کیلئے 458.06 کروڑ بھارتی روپے مالیت کا پابند معاہدہ کر لیا ہے۔
معاہدے کے تحت یہ خریداری مکمل طور پر حصص کے تبادلے کے ذریعے کی جائے گی اور کسی قسم کی نقد ادائیگی شامل نہیں ہوگی۔ اورم پراپ ٹیک لوکون سلوشنز کے حصص کے بدلے تقریباً ایک کروڑ 98 لاکھ نئے شیئرز جاری کرے گی۔
ٹرانزیکشن مکمل ہونے کے بعد ہاؤسنگ ڈاٹ کام کے موجودہ مالک آر ای اے انڈیا کا اورم پراپ ٹیک میں حصہ بڑھ کر 24.9 فیصد ہو جائے گا، جس سے کمپنی اورم کے نمایاں شیئر ہولڈرز میں شامل ہو جائے گی۔
اورم پراپ ٹیک کے مطابق اس خریداری کے نتیجے میں پراپرٹی کی تلاش، ہاؤسنگ فنانس، کرایہ داری، پراپرٹی مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ خدمات کو ایک مربوط ٹیکنالوجی پلیٹ فارم پر یکجا کرنے میں مدد ملے گی۔
مجوزہ انضمام سے اورم پراپ ٹیک کو ہاؤسنگ ڈاٹ کام کے بڑے ڈیجیٹل صارف نیٹ ورک، پراپرٹی لسٹنگز اور مارکیٹ ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوگی، جبکہ ہاؤسنگ ڈاٹ کام کے صارفین کو پراپرٹی لین دین سے متعلق مزید مالیاتی اور انتظامی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ٹرانزیکشن کی تکمیل اورم پراپ ٹیک اور متعلقہ اداروں کے حصص یافتگان کی منظوری، ضروری ریگولیٹری اجازت ناموں اور دیگر مقررہ شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگی۔