تاریخ اشاعت: June 18, 2026 - 4:15 PM
London: Real Estate Developers Accused of Promoting Sale of Land in Illegal Israeli Settlements
لندن: اسرائیلی رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی اراضی فروخت کرنے لگے
▫️100 سے زائد برطانوی ارکان پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی تنظیموں کا تشہیری مہم ختم کرنے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ
شمالی لندن میں ہونے والے ایک اسرائیلی رئیل سٹیٹ ایونٹ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس میں مشرقی یروشلم اور مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی بستیوں کی زمین کی فروخت کی تشہیر کی گئی، حالانکہ اس سے قبل منتظمین نے اس بات کی تردید کی تھی کہ ایونٹ میں غیر قانونی بستیوں کی پراپرٹیز کی مارکیٹنگ کی جائے گی۔
ایونٹ سے متعلق 'دی گارڈین' کو فراہم کیے گئے پمفلٹس میں مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں معالے ادومیم، گیوت زیو، کفار الداد اور تینیہ اوماریم کے رئیل سٹیٹ منصوبے شامل تھے۔ پمفلٹس میں مشرقی یروشلم کے رامات اشکول اور گیوات ہاماتوس کے منصوبوں کا بھی ذکر موجود تھا۔
یہ ایونٹ ایسے وقت میں منعقد کیا گیا جب برطانیہ کے 100 سے زائد ارکان پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی تنظیموں نے اس کی منسوخی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ ایسا ایونٹ بین الاقوامی قانون کے تحت برطانوی حکومت کی ذمہ داریوں اور بستیوں سے متعلق معاشی سرگرمیوں پر جاری رہنمائی سے مطابقت نہیں رکھتا۔
برطانوی فلسطین آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے شریک چیئرمین رکن پارلیمنٹ اینڈی میکڈونلڈ نے کہا کہ غیر قانونی بستیوں کی تشہیر قانون کے خلاف ہے، اس لیے حکومت کو کارروائی کرنی چاہیے۔
گزشتہ ہفتے اینڈی میکڈونلڈ نے وزیر خارجہ کو ایک خط بھی لکھا تھا، جس پر 101 سیاست دانوں نے دستخط کیے۔ خط میں کہا گیا تھا کہ یہ ایونٹ اسرائیل کے نوآبادیاتی توسیع کے منصوبے سے جڑا ہوا ہے، اس لیے حکومت کو اسے منعقد ہونے سے روکنا چاہیے۔