تاریخ اشاعت: July 4, 2026 - 11:20 AM
Shandong Group Offers Major Investment in Pakistan’s Energy Sector
چینی کمپنی کی پاکستان کے توانائی شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کی پیشکش
▫️ تیل و گیس پیداوار، ریفائنری اپ گریڈیشن، توانائی آلات کی مقامی مینوفیکچرنگ، آف شور منصوبوں، سلفر پروسیسنگ پلانٹ اور انرجی سٹیز میں دلچسپی
چینی کمپنی شینڈونگ گروپ نے پاکستان کے توانائی شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور طویل مدتی سٹریٹجک شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔
یہ پیشکش وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے شینڈونگ گروپ چین کے چیئرمین ہاؤ جیان شِن کی اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کی گئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق چینی وفد نے پاکستان میں تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے، ڈرلنگ سرگرمیوں، فیلڈ آپٹیمائزیشن منصوبوں اور توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق شینڈونگ گروپ نے پاکستان میں ریفائنری اپ گریڈیشن اور فلوئیڈ کیٹالیٹک کریکر یونٹ کی تنصیب میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس نوعیت کے منصوبے پاکستان میں توانائی کی مقامی ضروریات پوری کرنے اور ریفائنری سیکٹر کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔
چینی کمپنی نے پاکستان میں توانائی سے متعلق آلات کی مقامی مینوفیکچرنگ سہولت قائم کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔ مجوزہ سہولت میں تیار ہونے والی مصنوعات نہ صرف پاکستان کی مقامی ضروریات پوری کر سکیں گی بلکہ انہیں مشرق وسطیٰ کی منڈیوں کو بھی برآمد کیا جا سکے گا۔
شینڈونگ گروپ نے پاکستان کے آف شور توانائی شعبے، سلفر پروسیسنگ پلانٹ اور انرجی سٹیز کے قیام میں بھی سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، ویلیو ایڈیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ چینی کمپنی کی تمام تجاویز پر عملدرآمد کے لیے فوکل پرسنز مقرر کیے جائیں اور فوری پیش رفت یقینی بنائی جائے۔
حکام کے مطابق شینڈونگ گروپ کی دلچسپی پاکستان کے توانائی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی منتقلی کے امکانات کو مزید تقویت دے سکتی ہے۔