تاریخ اشاعت: August 12, 2026 - 3:43 PM
FBR Signals Further Corporate Tax Relief as Super Tax Comes Under Review
ایف بی آر : کاروباری شعبے کو مزید ٹیکس ریلیف دینے کا عندیہ، سپر ٹیکس میں مزید کمی زیر غور
▫️کاروباری برادری کا ایڈوانس اور ودہولڈنگ ٹیکس کم، آڈٹ نظام آسان اور ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کا مطالبہ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کاروباری شعبے کو مزید ٹیکس ریلیف دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپر ٹیکس میں مزید کمی سمیت مختلف تجاویز زیر غور ہیں جبکہ کاروباری اداروں پر سیلز ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ایک ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران سامنے آئی، جہاں کاروباری نمائندوں نے بلند ٹیکسوں، مہنگی فنانسنگ، توانائی اور دیگر پیداواری لاگت میں اضافے اور ٹیکس انتظامیہ سے متعلق مسائل پر تحفظات کا اظہار کیا۔
کاروباری نمائندوں نے کمیٹی کو بتایا کہ کئی صنعتیں اپنی مجموعی پیداواری صلاحیت کے صرف 40 سے 45 فیصد پر کام کر رہی ہیں اور خبردار کیا کہ اگر کاروباری ماحول بہتر نہ ہوا تو مزید کمپنیاں اپنی سرگرمیاں پاکستان سے باہر منتقل کرنے پر غور کرسکتی ہیں۔
اجلاس میں متعدد ملٹی نیشنل کمپنیوں کے پاکستان سے نکلنے یا اپنے کاروبار محدود کرنے کا بھی حوالہ دیا گیا اور کہا گیا کہ بلند آپریٹنگ لاگت اور بھاری ٹیکسوں سے ملک میں سرمایہ کاری کی کشش متاثر ہو رہی ہے۔
ایف بی آر کے رکن حمید عتیق سرور نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت 2025 سے اب تک مختلف ٹیکسوں میں کمی کرچکی ہے اور ٹیکس دہندگان کو مزید ریلیف دینے کیلئے بھی تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپر ٹیکس ان شعبوں میں شامل ہے جہاں مزید کمی پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ کاروباری اداروں پر سیلز ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کیلئے بھی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔
ایف بی آر حکام کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر حکومت اب تک تقریباً 361 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف فراہم کرچکی ہے۔ اس میں تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی، سپر ٹیکس کی شرح میں کمی اور شرائط پر پورا اترنے والے برآمد کنندگان کیلئے سپر ٹیکس کا خاتمہ شامل ہے۔
حمید عتیق سرور نے کہا کہ حکومت مالیاتی ضروریات، درآمدی تقاضوں اور محصولات کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکسوں کے بوجھ کو مزید معقول بنانے کا عمل جاری رکھے گی۔
ایف بی آر نے برآمد کنندگان کے ٹیکس سے متعلق مسائل حل کرنے کیلئے کراچی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، اسلام آباد اور ملتان میں ایکسپورٹر فسیلیٹیشن کمیٹیاں بھی قائم کی ہیں۔
کاروباری نمائندوں نے حکومت سے ایڈوانس اور ودہولڈنگ ٹیکس کم کرنے، کسٹمز ڈیوٹیز کو معقول بنانے اور آڈٹ کے طریقہ کار کو آسان بنانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری اداروں پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے نئے کاروبار اور شعبوں کو رسمی ٹیکس نظام میں لا کر ٹیکس نیٹ وسیع کیا جائے۔
کاروباری برادری نے ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کی جانب سے بار بار نوٹسز، آڈٹس اور انفورسمنٹ کارروائیوں پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرز عمل سے غیر یقینی صورتحال اور کاروباری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ذیلی کمیٹی کے کنوینر سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ حد سے زیادہ ٹیکس بوجھ سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرکے بالآخر حکومت کے محصولات کے اہداف کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ انہوں نے زیادہ کاروبار دوست ٹیکس نظام اور ٹیکس انتظامیہ میں شفافیت بڑھانے پر زور دیا۔