تاریخ اشاعت: September 11, 2026 - 11:25 AM
Cherat Cement Intends to Acquire at Least 30% Stake in Nimir Industrial Chemicals
چیراٹ سیمنٹ نے نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز کے 30 فیصد شیئرز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی
▫️نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو عوامی پیشکش سے آگاہ کر دیا
کراچی | ری نیوز پاکستانچیراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز لمیٹڈ کے کم از کم 30 فیصد حصص حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔
چیراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز لمیٹڈ کے کم از کم 30 فیصد حصص حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔
نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز لمیٹڈ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ اعلامیے میں بتایا کہ اسے چیراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے کے ٹریڈ سکیورٹیز لمیٹڈ کے ذریعے نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز کے کم از کم 30 فیصد عام شیئرز حاصل کرنے کے ارادے کا عوامی اعلان موصول ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مجوزہ حصول ریگولیٹری منظوریوں،تجارتی شرائط کو حتمی شکل دینے، تفصیلی جانچ پڑتال اور مطلوبہ معاہدوں پر عمل درآمد سے مشروط ہے۔ دستاویز میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر ضروری ریگولیٹری منظوری حاصل نہ ہو سکی تو شیئرز کے حصول کا یہ عوامی اعلان واپس لیا جا سکتا ہے۔
چیراٹ سیمنٹ نے بتایا کہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعظم فاروق حتمی طور پر کمپنی کے کنٹرولنگ شیئر ہولڈر ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس وقت نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز میں اس کی کوئی شیئر ہولڈنگ موجود نہیں اور نہ ہی اس کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنے والے کسی فرد یا گروہ کے زیرِ کنٹرول نِمیر کے شیئرز موجود ہیں۔
دستیاب دستاویز کے مطابق نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز کے جاری کردہ عام شیئرز کی مجموعی تعداد تقریباً 110.59 ملین ہے۔
کمپنی کے بڑے شیئرز ہولڈر میں ظفر محمود تقریباً 19.72 فیصد شیئرز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ محمد یحییٰ خان کے پاس 11.89 فیصد اور خالد ممتاز قاضی کے پاس 11.53 فیصد حصص ہیں۔
مجوزہ حصول مکمل ہونے کی صورت میں چیراٹ سیمنٹ نِمیر انڈسٹریل کیمیکلز میں نمایاں حصص رکھنے والی کمپنی بن سکتی ہے۔ تاہم موجودہ مرحلے پر یہ صرف حصول کے ارادے کا اعلان ہے اور حتمی لین دین کا انحصار متعلقہ منظوریوں، تفصیلی جانچ پڑتال، تجارتی شرائط اور معاہدوں کی تکمیل پر ہوگا۔