تاریخ اشاعت: July 11, 2026 - 2:20 PM
ADB Appointed Financial Adviser for Outsourcing of Islamabad International Airport
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ، ایشیائی ترقیاتی بینک مالیاتی مشیر مقرر
▫️نجکاری کمیشن بورڈ نے اے ڈی بی کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز معاہدے کی منظوری دیدی، ایئرپورٹ کے آپریشنز نجی شعبے کے تجربہ کار آپریٹر کے سپرد کیے جائیں گے
نجکاری کمیشن بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کو مالیاتی اور ٹرانزیکشن مشیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کی زیر صدارت بورڈ کے 255ویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ کے سلسلے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ پر دستخط کی منظوری دی گئی۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے اعتماد ظاہر کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اپنی فنی مہارت، عالمی تجربے اور مشاورتی صلاحیتوں کی بدولت اس اہم منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ بولی کے عمل میں مسابقت اور شفافیت بھی یقینی بنائے گا۔
منصوبے کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز کو شفاف اور مسابقتی عمل کے ذریعے طویل المدتی رعایتی فریم ورک کے تحت نجی شعبے کے کسی اہل اور تجربہ کار آپریٹر کے سپرد کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق آؤٹ سورسنگ کا مقصد ایئرپورٹ کے انتظامی اور آپریشنل معیار کو بہتر بنانا، مسافروں کو جدید سہولیات فراہم کرنا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ایئرپورٹ کی کارکردگی میں اضافہ کرنا ہے۔