تاریخ اشاعت: July 14, 2026 - 2:27 PM
Rawalpindi Ring Road Project reaches 98% completion with toll plaza installation remaining
راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا 98 فیصد کام مکمل، صرف ٹول پلازہ کی تنصیب باقی
▫️رنگ روڈ سے ٹریفک دباؤ، سفری وقت، ایندھن کے استعمال اور فضائی آلودگی میں کمی متوقع
راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا 98 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو گیا ہے اور اب صرف ٹول پلازہ کی تنصیب باقی رہ گئی ہے، جس کے بعد اس اہم شاہراہ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے منصوبے کے فعال ہونے کے بعد ٹریفک قوانین کے نفاذ، سکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی کیلئے خصوصی پولیسنگ اور مینجمنٹ نظام قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ راولپنڈی کے کمشنر سلمان غنی کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں لیا گیا۔ اجلاس کے دوران حکام نے 38.3 کلومیٹر طویل منصوبے کے تعمیراتی کام، ٹریفک مینجمنٹ پلان اور لینڈ سکیپنگ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق رنگ روڈ کی مرکزی شاہراہ، فلائی اوورز، سب ویز، انٹرچینجز، نالوں، دریاؤں اور ریلوے لائنوں پر قائم پلوں سمیت تمام بڑے تعمیراتی کام مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سڑک کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں، روڈ مارکنگ، ٹریفک سائن بورڈز اور سٹریٹ لائٹس بھی نصب کر دی گئی ہیں، جبکہ ٹول پلازہ منصوبے کا آخری زیر التوا حصہ ہے۔
منظور شدہ انتظامی نظام کے تحت پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی ٹول پلازہ چلائے گی، پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق ٹول وصول کرے گی اور پوری شاہراہ پر ٹریفک کے انتظام کی ذمہ دار ہوگی۔ ٹریفک قوانین کے مؤثر نفاذ، سکیورٹی، روڈ سیفٹی اور انتظامی نگرانی کیلئے خصوصی پولیسنگ اور مینجمنٹ نظام بھی قائم کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت منصوبے کیلئے اب تک 29 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر چکی ہے، جبکہ باقی رقم آئندہ چند ہفتوں کے دوران جاری کیے جانے کی توقع ہے تاکہ تمام زیر التوا کام مکمل کیے جا سکیں۔
اجلاس کے دوران کمشنر سلمان غنی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کاموں کو تیز کیا جائے، جن میں سڑک کے دونوں اطراف شجرکاری، گھاس لگانے اور لینڈ سکیپنگ کے دیگر کام شامل ہیں، تاکہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھولا جا سکے۔
راولپنڈی رنگ روڈ کے فعال ہونے سے بھاری گاڑیوں کو شہر کے اندرونی علاقوں سے باہر منتقل کرنے میں مدد ملے گی، جس سے شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ منصوبہ جی ٹی روڈ، پشاور روڈ، مری روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
حکام کے مطابق نئی شاہراہ سے سفری وقت، ایندھن کے استعمال اور گاڑیوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، جبکہ شہریوں کو زیادہ محفوظ، تیز اور مؤثر سفری سہولت میسر ہوگی۔ منصوبے سے علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ راولپنڈی کے طویل مدتی شہری اور معاشی ترقی کے امکانات بھی بہتر ہونے کی توقع ہے۔