تاریخ اشاعت: July 28, 2026 - 11:57 AM
Punjab Government Assures Compensation for Rawalpindi Ring Road Landowners Ahead of Project Completion
راولپنڈی رنگ روڈ کے متاثرہ مالکان کو معاوضے کی یقین دہانی، تمام جائز کلیمز نمٹانے کا اعلان
معاملہ پنجاب حکومت اور کمشنر راولپنڈی کو بھجوا دیا گیا، متاثرہ مالکان کا وفد چیف سیکرٹری سے بھی ملاقات کرے گا
پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے سے متاثر ہونے والے تمام زمین مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے واضح کیا ہے کہ 38.5 کلومیٹر طویل اس اہم شاہراہ کے لیے حاصل کی گئی زمین کا کوئی بھی جائز دعویدار معاوضے سے محروم نہیں رہے گا۔
یہ یقین دہانی رکن قومی اسمبلی انجینئر قمرالاسلام نے متاثرہ زمین مالکان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔ وفد نے معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر نمایاں پیش رفت کے باوجود کئی علاقوں میں حاصل کی گئی زمین کے معاوضے کے ایوارڈ تاحال جاری نہیں کیے گئے۔
متاثرہ مالکان کے نمائندوں کے مطابق رنگ روڈ منصوبے کے لیے سات قدیمی آبادیوں میں سیکڑوں کنال اراضی حاصل کی گئی ہے، جہاں ہر آبادی میں تقریباً 200 افراد کی زمین منصوبے کی زد میں آئی۔ انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں زمین سرکاری تحویل میں لیے جانے کے باوجود معاوضے کا عمل مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث متاثرہ خاندانوں میں بے یقینی پائی جاتی ہے۔
انجینئر قمرالاسلام نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام جائز کلیمز کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ زمین مالکان کے تحفظات، دستاویزات اور متعلقہ تفصیلات پنجاب حکومت اور کمشنر راولپنڈی کے دفتر کو ضروری کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔
متاثرہ مالکان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ معاوضوں کی ادائیگی کا عمل تیز کیا جائے اور تمام زیرِ التوا دعوے منصوبے کے متوقع افتتاح سے قبل نمٹا دیے جائیں۔ راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح 14 اگست کو متوقع ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ الیاس کیانی نے کہا ہے کہ متاثرہ زمین مالکان کا ایک وفد لاہور میں چیف سیکرٹری پنجاب سے ملاقات کرے گا۔ ملاقات میں زیرِ التوا معاوضوں، زمین کے ایوارڈز اور ادائیگی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
راولپنڈی رنگ روڈ کو پنجاب کے اہم انفراسٹرکچر منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد راولپنڈی اور اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنا، علاقائی رابطوں کو بہتر بنانا اور گردونواح میں شہری و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
رنگ روڈ کو موٹروے نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے، تاہم منصوبے کا اہم حصہ تھلیاں انٹرچینج تاحال مکمل نہیں ہو سکا اور وہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔