تاریخ اشاعت: June 5, 2026 - 9:52 AM
PSER Survey in Vehari Ordered to Be Accelerated, Target to Be Completed by June 20
وہاڑی میں پی ایس ای آر سروے تیز کرنے کا حکم، 20 جون تک ہدف مکمل کرنے کی ہدایت
▫️اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس، انیومریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر ہداف تفویض
اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم کی زیر صدارت پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری سروے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سروے کی پیش رفت، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور مقررہ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پی ایس ای آر انیومریٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر انیومریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر اہداف تفویض کیے گئے اور ہدایت کی گئی کہ وہ ہر شام منعقد ہونے والے جائزہ اجلاس میں اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں تاکہ سروے کی رفتار اور پیش رفت کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم نے کہا کہ پنجاب سوشو اکنامک انڈیکس کی درست اور مؤثر تیاری کے لیے ہر شہری کا مکمل، درست اور شفاف ریکارڈ مرتب کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ای آر سروے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، حکومتی پالیسی سازی اور مستحق افراد تک سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم بنیاد فراہم کرے گا۔
انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل ذمہ داری کے ساتھ گھر گھر جا کر ڈیٹا اکٹھا کریں اور اس عمل میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ 20 جون تک پی ایس ای آر سروے کا مقررہ ہدف ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ ضلع میں سماجی و معاشی رجسٹریشن کا عمل بروقت پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔