تاریخ اشاعت: August 5, 2026 - 2:57 PM
LDA Seals 79 Buildings in Major Crackdown on Illegal Commercial Properties in Lahore
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل املاک کے خلاف بڑا آپریشن، لاہور میں 79 عمارتیں سیل کردی گئیں
▫️ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی، پونچھ روڈ اور مصطفیٰ ٹاؤن میں کارروائیاں
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 79 املاک سیل کر دیں۔
ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق یہ کارروائیاں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں انجام دیں۔ آپریشن کے دوران گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی، پونچھ روڈ اور مصطفیٰ ٹاؤن میں ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والی املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 30 املاک جبکہ کینال روڈ، گلشن راوی اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 38 املاک سیل کی گئیں۔ اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران مصطفیٰ ٹاؤن میں مزید 11 املاک کو سیل کیا گیا۔
سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، بیوٹی سیلون، کیفے، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، گراسری سٹورز، فارمیسیز، دکانیں، کار شورومز، دفاتر اور دیگر تجارتی مراکز شامل ہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی کمرشل استعمال، تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزی اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔