تاریخ اشاعت: July 30, 2026 - 12:51 PM
LDA Seals 135 Properties in Major Crackdown on Illegal Commercial Buildings in Lahore
لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 135 املاک سیل کر دی گئیں
▫️کارروائیاں گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، شادمان، کینال روڈ، پونچھ روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کی گئیں، نجی سکول، ریستوران، کیفے اور متعدد کاروباری مراکز سیل
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 135 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، شادمان، کینال روڈ، پونچھ روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران غیرقانونی کمرشل استعمال پر گلبرگ اور گارڈن ٹاؤن میں 30 املاک سیل کی گئیں، جبکہ شادمان، کینال روڈ اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 54 املاک سیل کی گئیں۔
ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں مزید 51 املاک کو بھی سیل کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران مختلف نوعیت کے کاروباری مراکز کو سربمہر کیا گیا جن میں نجی سکول، بیکریاں، بیوٹی سیلون، ہارڈویئر سٹور، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، فارمیسیز، گراسری سٹور، الیکٹرک سٹور، اسٹیٹ آفس، کلینک، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کمرشل املاک شامل ہیں۔
ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ مختلف انفورسمنٹ ٹیموں نے بیک وقت متعدد علاقوں میں کارروائیاں انجام دیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی کمرشل استعمال کرنے والوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔