تاریخ اشاعت: July 6, 2026 - 2:38 PM
LDA Seals 115 Properties in Crackdown on Illegal Commercial Use
ایل ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن، 115 املاک سیل
▫️سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، فارمیسی، گراسری سٹورز، کیفے، ریستوران، بیکری، بیوٹی سیلون اور دفاتر شامل
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 115 املاک سربمہر کر دیں۔ کارروائیاں گلبرگ، فیصل ٹاؤن، سمن آباد، کینال روڈ، گلشن راوی اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں غیر قانونی کمرشل استعمال پر 30 املاک سیل کی گئیں، جبکہ سمن آباد، کینال روڈ اور گلشن راوی میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 61 املاک سربمہر کی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں بھی کارروائی کی اور متعدد املاک کو سیل کیا۔ سربمہر کی گئی املاک میں نجی سکول، فارمیسی، گراسری سٹورز، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، بیکری، بیوٹی سیلون، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کمرشل یونٹس شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی املاک کے خلاف کسی رعایت کے بغیر قانونی کارروائی کی جائے گی۔