تاریخ اشاعت: June 15, 2026 - 2:21 PM
LDA Launches Major Operation Against Illegal Commercial Buildings, Seals 215 Properties
ایل ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 215 املاک سیل
▫️کارروائیاں گلبرگ، فیصل ٹاؤن، سمن آباد، شادباغ، گلشن راوی، کالج روڈ، این ایف سی، یو ای ٹی پرائیویٹ سوسائٹی، علامہ اقبال ٹاؤن اور ڈیفنس روڈ میں کی گئیں
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 215 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق یہ کارروائیاں گلبرگ، فیصل ٹاؤن، سمن آباد، شادباغ، گلشن راوی، کالج روڈ، این ایف سی، یو ای ٹی پرائیویٹ سوسائٹی، علامہ اقبال ٹاؤن اور ڈیفنس روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی کمرشل استعمال، کمرشلائزیشن قوانین کی خلاف ورزی اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر متعدد املاک کو سیل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 30 املاک سربمہر کی گئیں۔ اسی طرح سمن آباد، شادباغ اور گلشن راوی میں 75 املاک کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ کالج روڈ، این ایف سی اور یو ای ٹی پرائیویٹ سکیم میں 60 املاک سیل کی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن اور ڈیفنس روڈ میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 50 املاک سربمہر کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیز، ہال، بینک، گراسری سٹور، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، بیوٹی سیلون، کلینک، الیکٹرک و ہارڈویئر سٹورز، اسٹیٹ آفسز، بیکریاں، فارمیسیز، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق کارروائیوں سے قبل متعلقہ املاک کو قواعد و ضوابط کے مطابق نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم قانون پر عملدرآمد نہ ہونے پر سیلنگ آپریشن کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری ترقی، ٹاؤن پلاننگ قوانین کے نفاذ اور کمرشل سرگرمیوں کو ضابطے میں لانے کے لیے ایل ڈی اے قانون کے مطابق اقدامات کر رہا ہے۔