تاریخ اشاعت: June 29, 2026 - 2:40 PM
LDA Launches Major Operation Against Illegal Commercial Buildings, Seals 191 Properties Across Lahore
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، مختلف علاقوں میں 191 املاک سیل کردی گئیں
▫️کارروائیاں کینال روڈ، سمن آباد، گلشن راوی، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کالج روڈ، پی سی ایس آئی آر، یو ای ٹی، گل دامن اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں کی گئیں
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 191 املاک کو سیل کر دیا۔
ایل ڈی اے کی ٹیموں نے کینال روڈ، سمن آباد، گلشن راوی، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کالج روڈ، مختلف پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں، پی سی ایس آئی آر، یو ای ٹی، گل دامن اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ حکام کے مطابق یہ آپریشن غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام، کمرشل قوانین پر عملدرآمد اور واجبات کی وصولی کے لیے کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق غیرقانونی کمرشل استعمال پر کینال روڈ، سمن آباد اور گلشن راوی میں 59 املاک جبکہ گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں 27 املاک کو سیل کیا گیا۔ اسی طرح غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر کالج روڈ، پرائیویٹ سکیموں، پی سی ایس آئی آر، یو ای ٹی اور گل دامن کے علاقوں میں مزید 80 املاک سیل کر دی گئیں۔
علاوہ ازیں ایل ڈی اے کی ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں مزید 25 املاک کو بھی سربمہر کر دیا، جہاں واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، کالجز، بینکس، گراسری سٹورز، کیفے، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، اسٹیٹ آفسز، بیکریاں، فارمیسیاں، بیوٹی سیلونز، کلینکس، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کمرشل ادارے شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے واضح کیا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندہ املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور شہر میں تعمیراتی و کمرشل قوانین پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔