تاریخ اشاعت: June 24, 2026 - 2:26 PM
LDA Launches Major Operation Against Illegal Commercial Buildings in Lahore, Seals 140 Properties
لاہور میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 140 املاک سیل
▫️گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، جوبلی ٹاؤن، کینال روڈ، سمن آباد اور گلشن راوی سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے لاہور کے مختلف کنٹرولڈ ایریاز میں آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 140 املاک سربمہر کر دیں۔ کارروائیاں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، جوبلی ٹاؤن، کینال روڈ، سمن آباد، گلشن راوی، مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں کی گئیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق غیر قانونی کمرشل استعمال پر گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن میں 28 املاک جبکہ جوبلی ٹاؤن میں 19 املاک سربمہر کی گئیں۔ اسی طرح کینال روڈ، سمن آباد اور گلشن راوی میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 70 املاک سیل کی گئیں۔
ریکوری آپریشن کے دوران اعظم گارڈن اور مصطفی ٹاؤن میں مزید 23 املاک سربمہر کی گئیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، بینک، کالج، گراسری سٹور، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹ، اسٹیٹ آفس، بیکری، فارمیسی، بیوٹی سیلون، کلینک، آٹو ورکشاپ، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔