تاریخ اشاعت: July 30, 2026 - 12:14 PM
LDA Directs Completion of Property Transfers Within 24 Hours as Development Work Accelerates in Avenue One
ایل ڈی اے سٹی میں پراپرٹی ٹرانسفر 24 گھنٹوں میں مکمل کرنے کی ہدایت، ایونیو ون میں ترقیاتی کام تیز
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا ایونیو ون سیٹیزن فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک دورہ، شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق نے ایل ڈی اے ایونیو ون کے مختلف بلاکس، سیٹیزن فیسلیٹیشن سنٹر، زیر تعمیر پارک اور رائیونڈ روڈ پر واقع گوشہ مزدور کا دورہ کیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات اور پراپرٹی سے متعلق خدمات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو مختلف ہدایات جاری کیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے نے ایونیو ون کے سیٹیزن فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے براہ راست ملاقات کر کے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیٹیزن فیسلیٹیشن سنٹر پر شہریوں کی بڑھتی ہوئی آمد اور ایل ڈی اے سٹی میں پراپرٹی ٹرانسفر کے کیسز میں اضافہ اس منصوبے پر عوام کے اعتماد کی علامت ہے۔
انہوں نے پراپرٹی ٹرانسفر، بلڈنگ پیریڈ اور دیگر درخواستوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے سٹی میں پراپرٹی ٹرانسفر کا عمل 24 گھنٹوں کے اندر مکمل کیا جائے۔ ساتھ ہی ڈائریکٹر ایونیو ون کو شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
دورے کے دوران ڈی جی ایل ڈی اے نے ایونیو ون کے ایچ بلاک میں زیر تعمیر پارک کا بھی معائنہ کیا، جہاں متعلقہ افسران نے انہیں منصوبے پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق ایونیو ون میں پائیدار شہری ترقی کے ماڈل کے تحت 47 کنال پر جدید پارک تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ مجموعی طور پر آٹھ نئے پارکوں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔
بعد ازاں طاہر فاروق نے رائیونڈ روڈ پر قائم گوشہ مزدور کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو انہیں مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔