تاریخ اشاعت: May 2, 2026 - 10:10 AM
Lahore Railway Station Upgrade in Final Stages, Passengers to Get Modern Facilities and Improved Traffic System
لاہور ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن آخری مراحل میں، مسافروں کو جدید سہولیات اور بہتر ٹریفک نظام میسر ہوگا
▫️ریلوے اسٹیشن کو لاہور ایئرپورٹ کی طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، ڈی جی ایل ڈی اے
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے لاہور ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف جاری ترقیاتی و بحالی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریلوے اسٹیشن کے سامنے جدید طرز کا کشادہ پارکنگ ایریا تکمیل کے قریب ہے، جبکہ سولر لائٹس کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے اور مسافروں کی سہولت کے لیے آرام دہ سیٹنگ ایریاز بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔ پارکنگ ایریا میں خوبصورت ٹف ٹائلز اور پیورز لگا کر اسے دیدہ زیب بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریلوے اسٹیشن کی طرف جانے والی مرکزی سڑک کی ری ماڈلنگ مکمل کر لی گئی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس کے علاوہ پارکنگ ایریا میں گرینری کے فروغ کے لیے نئے درخت بھی لگائے جا رہے ہیں، جبکہ اطراف کی عمارتوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن کو لاہور ایئرپورٹ کی طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، جہاں کشادہ پارکنگ اور بہتر بیٹھنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیشن کے اطراف سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے، جس سے نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ ہوا بلکہ ٹریفک کے مسائل بھی کم ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے افراد کو اب لاہور کا ایک خوشگوار اور خوبصورت چہرہ نظر آئے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے ریلوے وال اور ایک موریہ پل کی تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی فنشنگ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
دورے کے دوران ایم ڈی واسا اور چیف انجینئر ٹیپا بھی ڈی جی ایل ڈی اے کے ہمراہ موجود تھے۔