تاریخ اشاعت: May 22, 2026 - 10:43 AM
Karachi to Develop Mobile App for Fire Safety Data of Commercial and Government Buildings
کراچی میں فائر سیفٹی آڈٹ تیز، کمرشل اور سرکاری عمارتوں کی معلومات کے لیے موبائل ایپ بنانے کا فیصلہ
▫️اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں نے 800 سے زائد کمرشل عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ مکمل کر لیا
کراچی انتظامیہ نے شہر کے تمام شاپنگ مالز، نجی کمرشل عمارتوں اور سرکاری عمارتوں میں فائر سیفٹی اقدامات کی معلومات اور تفصیلات کو منظم کرنے کے لیے موبائل ایپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں جاری فائر سیفٹی آڈٹ سروے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں قائم فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹیاں شہر کی مختلف عمارتوں کا سروے کر رہی ہیں۔ ان کمیٹیوں کا مقصد عمارتوں میں موجود فائر سیفٹی انتظامات، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری اور حفاظتی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سسٹم انالسٹ دیال داس راٹھور نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت کے تحت فائر سیفٹی آڈٹ سروے کی تفصیلات پر مشتمل پورٹل تیار کر لیا گیا ہے، جہاں سروے سے متعلق معلومات اپ لوڈ کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 800 سے زائد کمرشل عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ مکمل کیا جا چکا ہے۔ سروے کے دوران عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات، ایمرجنسی راستوں، حفاظتی انتظامات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جن عمارتوں میں فائر سیفٹی کے مطلوبہ تقاضے پورے نہیں کیے گئے، انہیں نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ متعلقہ عمارتوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رہ جانے والے حفاظتی انتظامات جلد از جلد مکمل کریں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے فائر سیفٹی آڈٹ کا عمل مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سروے کے نتائج کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے محفوظ کیا جائے تاکہ مستقبل میں نگرانی، کارروائی اور بہتری کے اقدامات کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔