تاریخ اشاعت: September 15, 2026 - 2:56 PM
Islamabad Moves Key Municipal Services to PAK App
اسلام آباد کی اہم میونسپل سروسز پاک ایپ پر منتقل کر دی گئیں
▫️اشتہارات، کھلی جگہوں کے استعمال، پارکنگ اور جنریٹر کے اجازت ناموں کیلئے درخواست اور ادائیگی اب ڈیجیٹل طریقے سے ممکن ہو گی
اسلام آباد : ری نیوز پاکستاناسلام آباد میں شہری سہولیات کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی متعدد اہم میونسپل سروسز کو پاک ایپ پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہری اور کاروباری ادارے سرکاری...
اسلام آباد میں شہری سہولیات کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی متعدد اہم میونسپل سروسز کو پاک ایپ پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہری اور کاروباری ادارے سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگائے بغیر درخواستیں اور ادائیگیاں آن لائن مکمل کر سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت صارفین پاک ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، فیس ادا کر سکتے ہیں اور اپنی درخواست کی پیش رفت بھی آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔
پاک ایپ پر دستیاب میونسپل سہولیات میں اشتہارات کی اجازت، کھلی جگہوں کے استعمال کی منظوری، پارکنگ پرمٹس، جنریٹر لائسنس اور دیگر شہری اجازت نامے شامل ہیں۔
یہ اقدام اسلام آباد کے تجارتی جائیداد کے شعبے کیلئے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ دفاتر، ریسٹورنٹس، دکانوں اور دیگر کاروباری مراکز کو اشتہارات، پارکنگ، جنریٹرز اور کھلی جگہوں کے استعمال کیلئے مختلف میونسپل اجازت ناموں کی ضرورت ہوتی ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے یہ سہولیات ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کی ہیں تاکہ شہری خدمات کو زیادہ آسان، شفاف اور قابل رسائی بنایا جا سکے۔
نئے نظام سے کاغذی کارروائی اور سرکاری دفاتر پر انحصار کم ہونے کی توقع ہے جبکہ درخواست گزار اپنی درخواست کی موجودہ حیثیت بھی براہ راست ایپ کے ذریعے معلوم کر سکیں گے۔
نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ پاک ایپ ملک بھر میں سرکاری خدمات کی فراہمی کیلئے استعمال ہونے والا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ ایپ میں شناخت کی تصدیق کیلئے پاک آئی ڈی جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے راست نظام کی سہولت موجود ہے۔
اسلام آباد میں میونسپل خدمات کی ڈیجیٹل منتقلی کو وفاقی دارالحکومت میں نقدی، کاغذ اور براہ راست دفتری رابطے پر انحصار کم کرنے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔