تاریخ اشاعت: July 9, 2026 - 2:46 PM
DHA Estate Agents Move to Protect 2% Commission, Formal Request Submitted to Administration
ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس کے 2 فیصد کمیشن کے تحفظ کیلئے اہم پیش رفت، انتظامیہ کو باضابطہ درخواست ارسال
▫️ ڈی ایچ اے انتظامیہ سے مسلسل رابطے جاری ہیں، جلد پوری برادری کو خوشخبری ملنے کی امید ہے: چوہدری توقیر آ صف ڈائریکٹر ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن
ڈی ایچ اے ٹریڈ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے اسٹیٹ ایجنٹس کے دو فیصد کمیشن کے تحفظ اور اس کے باضابطہ نفاذ کے لیے ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈی ایچ اے کے ایڈمنسٹریٹر بریگیڈیئر کاشف کو باقاعدہ درخواست ارسال کر دی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اسٹیٹ ایجنٹس کے پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اور کمیشن کے نظام کو سرکاری سطح پر باقاعدہ حیثیت دلانا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق دو فیصد کمیشن کو پہلے ہی تنظیم کے آئین کا باقاعدہ حصہ بنایا جا چکا ہے، جبکہ اب اس فیصلے کو عملی اور انتظامی سطح پر نافذ کروانے کے لیے ڈی ایچ اے انتظامیہ سے باضابطہ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
توقیر آصف ڈائریکٹر ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایشن کی کابینہ اس مقصد کے حصول کے لیے ڈی ایچ اے انتظامیہ کے ساتھ مسلسل مشاورت اور رابطے میں ہیں تاکہ دو فیصد کمیشن کو آفیشل پالیسی کا حصہ بنایا جا سکے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف اسٹیٹ ایجنٹس کے حقوق کو تحفظ ملے گا بلکہ کاروباری معاملات میں مزید شفافیت اور اعتماد بھی فروغ پائے گا۔
ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ جاری مثبت پیش رفت کے نتیجے میں مستقبل قریب میں اس حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئے گی اور پوری اسٹیٹ ایجنٹس برادری کو خوشخبری سننے کو ملے گی۔