تاریخ اشاعت: May 25, 2026 - 3:55 PM
Aqua Business Park Project Still Awaiting Practical Progress In Chunian
چونیاں میں ایکوا بزنس پارک منصوبہ تاحال عملی پیش رفت سے محروم
▫️ وسیع سرکاری اراضی مختلف اعلانات کے باوجود غیر استعمال شدہ
چونیاں میں سینکڑوں ایکڑ سرکاری غیر آباد اراضی مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اعلانات کے باوجود تاحال مکمل طور پر استعمال میں نہیں لائی جا سکی، جن میں حالیہ ایکوا بزنس پارک منصوبہ بھی شامل ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق اس اراضی کو ماضی میں صنعتی زون کے قیام کے لیے منظور کیا گیا تھا اور حکومت کی جانب سے جزوی طور پر چار دیواری بھی تعمیر کی گئی، تاہم بعد ازاں متعلقہ اداروں نے زمین کو صنعتی مقاصد کے لیے غیر موزوں قرار دے دیا۔
اس کے بعد اسی سرکاری زمین پر یونیورسٹی کیمپس کے قیام کی تجاویز بھی سامنے آئیں، مگر یہ منصوبہ بھی عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔
سال 2026 کے آغاز میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اس اراضی پر ایکوا بزنس پارک قائم کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت شرمپ اور فش فارمنگ کے ذریعے سرمایہ کاری، روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا مقصود تھا۔
تاہم مقامی شہریوں کے مطابق منصوبے کے اعلان کے باوجود تاحال زمین پر عملی ترقیاتی کام شروع نہیں ہو سکے جبکہ وسیع سرکاری اراضی بدستور غیر فعال پڑی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر اس زمین کو مؤثر لینڈ پلاننگ اور ترقیاتی حکمت عملی کے تحت استعمال کیا جائے تو چونیاں میں معاشی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور شہری ترقی کو نمایاں فروغ مل سکتا ہے۔
شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منظور شدہ منصوبوں پر جلد عملی کام شروع کیا جائے تاکہ سرکاری اراضی کو عوامی اور معاشی مفاد کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔