تاریخ اشاعت: June 23, 2026 - 12:00 PM
Action Against Illegal Constructions Intensifies in Lahore, Construction Without Approved Building Plans Ordered Stopped
لاہور میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں تیز، بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات روکنے کا حکم
▫️شالیمار زون میں آپریشن کے دوران ایک غیر قانونی کثیر المنزلہ عمارت مسمار، 6 عمارتیں سیل
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر جاری تعمیرات کو فوری طور پر روکا جائے اور نقشہ جات کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ضلعی انتظامیہ لاہور نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف شالیمار زون کے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی کثیر المنزلہ عمارت کو مسمار کر دیا گیا جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر مزید 6 عمارتوں کو سیل کر دیا گیا۔
یہ آپریشن ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی ایوب روڈ، مائی کامی روڈ، شیر شاہ روڈ، گڈے شاہ روڈ اور حق نواز روڈ کے علاقوں میں کیا گیا۔ آپریشن میں میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ٹاؤن پلاننگ ونگ کے انفورسمنٹ سکواڈز نے حصہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے اور بلڈنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاہور کو منظم، محفوظ اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے تعمیراتی قواعد کی پابندی ناگزیر ہے۔