تاریخ اشاعت: September 19, 2026 - 12:12 PM
70% of Faisalabad Development Projects Completed, Housing Secretary Reviews Progress
فیصل آباد کے ترقیاتی منصوبوں میں 70 فیصد کام مکمل، ہاؤسنگ سیکرٹری کا سائٹس کا دورہ
▫️پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 24 فیصد کام مکمل، نورالامین مینگل کا ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
فیصل آباد : ری نیوز پاکستان سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی سرگرمیوں اور شہریوں کی حفاظت سے متعلق انتظامات کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نعمان صدیق بھی سیکرٹری ہاؤسنگ کے ہمراہ تھے، جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب ہرل نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت فیصل آباد میں جاری ترقیاتی کاموں کا 70 فیصد حصہ مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 24 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے شہر میں جاری اہم منصوبوں کا موقع پر جائزہ لیا، جن میں گلستان انڈر گراؤنڈ میگا واٹر سٹوریج ٹینک اور سمن آباد کالج روڈ پائپ لائن سکیم بھی شامل ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تعمیراتی پیش رفت اور آئندہ کے مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
نورالامین مینگل نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو منصوبوں کے فوائد جلد فراہم کیے جاسکیں۔
انہوں نے ترقیاتی سائٹس پر کام کرنے والے عملے اور شہریوں کی حفاظت کو بھی اہم قرار دیا اور واضح کیا کہ حفاظتی اقدامات کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی منصوبوں کے دوران حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جاسکے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے اور کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل شہری سہولیات میں بہتری اور فیصل آباد کی بنیادی انفراسٹرکچر ضروریات پوری کرنے کے لیے اہم ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کو مختلف منصوبوں پر آئندہ کے لائحہ عمل اور تکمیل کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔