تاریخ اشاعت: November 25, 2026 - 7:01 PM
LDA to Auction Commercial Plots in Lahore Technology Park on December 3
لاہور ٹیکنالوجی پارک میں کمرشل پلاٹوں کی نیلامی 3 دسمبر کو ہوگی، ایل ڈی اے کا اعلان
▫️ ایل ڈی اے سٹی کے پائن ایکسس اور پائن ایگزیکٹو منصوبوں کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی 10 دسمبر کو ہوگی، سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرنے کی تیاری
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے فیروزپور روڈ پر ارفع کریم سافٹ ویئر اینڈ ٹیکنالوجی ٹاور کے قریب واقع لاہور ٹیکنالوجی پارک کے کمرشل پلاٹوں کی نیلامی 3 دسمبر 2026 کو ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے مطابق لاہور ٹیکنالوجی پارک کو آئی ٹی کمپنیوں اور دیگر کاروباری اداروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقی دی جارہی ہے۔ اتھارٹی منصوبے میں پارکنگ سمیت بنیادی ڈھانچے کی ترقی جلد مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ یہاں 120 فٹ تک بلند عمارتوں کی تعمیر کی اجازت ہوگی۔ سرمایہ کاروں کو بلڈنگ پلان کی منظوری سمیت دیگر ضروری اجازت نامے ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے ون ونڈو سہولت بھی متعارف کرائی جائے گی، جس کا مقصد تعمیراتی اور انتظامی کارروائی کو آسان بنانا ہے۔
دوسری جانب ایل ڈی اے نے اعلان کیا ہے کہ ایل ڈی اے سٹی کے پائن ایکسس اور پائن ایگزیکٹو منصوبوں میں پلاٹوں کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 دسمبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ قرعہ اندازی 10 دسمبر کو ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن میں ہوگی۔ پائن ایکسس میں دو کنال اور 8 مرلے کے کمرشل پلاٹ جبکہ پائن ایگزیکٹو میں ایک کنال کے رہائشی پلاٹ پیش کیے جارہے ہیں۔ حکام کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد لاہور میں تجارتی و رہائشی ترقی کو فروغ دینا اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔