تاریخ اشاعت: November 21, 2026 - 12:01 PM
Karachi Court Dismisses Property Ownership Suit, SHC Reserves Verdict in 53-Acre Land Dispute
کراچی میں جائیداد کی ملکیت کا دعویٰ مسترد، 53 ایکڑ اراضی کے تنازع پر سندھ ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا
▫️ سول عدالت نے وڈو اخارو ٹرسٹ کی وفاقی حکومت اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے خلاف دائر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر مسترد کر دی
کراچی جنوبی کی سینئر سول جج کی عدالت نے وڈو اخارو ٹرسٹ کی جانب سے وفاقی حکومت اور دیگر کے خلاف دائر جائیداد کی ملکیت سے متعلق سول دعویٰ ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ نے مؤقف اختیار کیا کہ متنازع جائیداد بورڈ کی ملکیت ہے اور اس کے قابضین کو ملکیت یا کرایہ داری کے دستاویزی ثبوت پیش کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تھے تاکہ انہیں باقاعدہ کرایہ داروں کے طور پر رجسٹر کیا جا سکے۔ عدالت نے متعلقہ عدالتی نظائر کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ قانونی طور پر ناقابلِ سماعت مقدمے میں شہادتیں ریکارڈ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، لہٰذا دعویٰ مسترد کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی کے درمیان 53 ایکڑ اراضی کے تنازع سے متعلق اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ کے ایم سی کے وکیل شوکت علی شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے متنازع اراضی سفاری پارک کے لیے مختص کی تھی، تاہم بعد ازاں ریلوے نے یہ زمین ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے الاٹ کر دی۔ دوسری جانب ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سول کورٹ 2005 میں سوسائٹی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔