تاریخ اشاعت: November 19, 2026 - 6:01 PM
Federal Constitutional Court Dismisses LDA Appeal in 14 Marla Gulberg III Property Dispute
گلبرگ تھری میں 14 مرلہ اراضی کا تنازع، وفاقی آئینی عدالت نے ایل ڈی اے کی اپیل خارج کر دی
▫️ عدالت کی ایل ڈی اے کو غیر ضروری مقدمہ بازی پر سرکاری وسائل ضائع نہ کرنے کی ہدایت، متنازع اراضی سے متعلق بار بار قانونی چارہ جوئی پر اظہارِ برہمی
وفاقی آئینی عدالت نے لاہور کے علاقے گلبرگ تھری میں واقع 14 مرلہ اراضی کے تنازع پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی اپیل خارج کر دی ہے۔
مقدمے میں ایل ڈی اے کا مؤقف تھا کہ متنازع اراضی گلبرگ تھری ہاؤسنگ اسکیم کے لیے حاصل کی گئی تھی اور اس کے پیشرو ادارے لاہور امپروومنٹ ٹرسٹ نے 1955 میں زمین کا قبضہ حاصل کر لیا تھا۔ تاہم عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ اراضی محکمہ سیٹلمنٹ کے ذریعے منتقل کی جا چکی تھی اور ایل ڈی اے کے اعتراضات مختلف عدالتوں میں پہلے ہی مسترد ہو چکے ہیں۔ فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ 2005 میں جاری ہونے والی رضامندی کی ڈگری حتمی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے ملکیتی دعوے کے خلاف سابقہ عدالتی فیصلوں کے باوجود مسلسل مقدمہ بازی پر ایل ڈی اے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو ہدایت کی کہ شہریوں کے خلاف بے بنیاد اور غیر ضروری قانونی کارروائیوں میں سرکاری وسائل اور عوامی رقم کے ضیاع کو روکا جائے۔ اس فیصلے کے بعد گلبرگ تھری کی متنازع اراضی سے متعلق ایل ڈی اے کی ایک اور قانونی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔