تاریخ اشاعت: November 19, 2026 - 1:01 PM
State Bank Issues New Financing Guidelines for REITs, Builders and Developers
اسٹیٹ بینک نے ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس، بلڈرز اور ڈویلپرز کے لیے فنانسنگ کی نئی ہدایات جاری کر دیں
▫️ نئی ہدایات کے تحت جائیداد کی مالیت کا تخمینہ، تعمیراتی منصوبوں کی نگرانی اور انشورنس یا تکافل کوریج کی شرائط بھی متعارف
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (REITs)، بلڈرز اور پراپرٹی ڈویلپرز کو قرضوں کی فراہمی آسان بنانے اور مالیاتی خطرات کم کرنے کے لیے نئی فنانسنگ ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق تعمیراتی منصوبوں میں قرض کی واپسی کے لیے مناسب متوقع آمدن ہونا ضروری ہے، جبکہ منصوبوں کی تکنیکی فزیبلٹی کا آزادانہ جائزہ بھی لیا جائے گا۔ پانچ کروڑ روپے تک کی فنانسنگ کے لیے بینک خود دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر جائیداد کی مالیت کا تخمینہ لگا سکیں گے۔ پانچ کروڑ سے زائد اور 50 کروڑ روپے تک کے قرض کے لیے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے منظورشدہ کم از کم ایک ویلیوئر، جبکہ 50 کروڑ روپے سے زائد فنانسنگ کے لیے دو منظورشدہ ویلیوئرز سے جائیداد کی مالیت کا تخمینہ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
اسٹیٹ بینک نے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو تعمیراتی منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی اور منصوبوں کے مالیاتی کھاتوں کی جانچ پڑتال کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ قرض کی رقم کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ بلڈرز، ڈویلپرز اور ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس کے لیے تعمیراتی خطرات سے تحفظ کی جامع انشورنس یا تکافل کوریج حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔ ان اقدامات کا مقصد ریئل اسٹیٹ شعبے میں منظم سرمایہ کاری کو فروغ دینا، مالیاتی نگرانی بہتر بنانا اور قرض فراہم کرنے والے اداروں کے ممکنہ خطرات کم کرنا ہے۔