تاریخ اشاعت: November 18, 2026 - 2:01 PM
Balochistan’s Panjgur Dam Project Under Senate Review Over Risks to Agricultural Land and Irrigation Infrastructure
بلوچستان میں پنجگور ڈیم منصوبے سے زرعی اراضی اور آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کو ممکنہ خطرات، سینیٹ کمیٹی نے منصوبے کا جائزہ شروع کر دیا
▫️ پنجگور ڈیم منصوبے سے 25 ہزار ایکڑ زرعی اراضی کے لیے پانی کی فراہمی کا نظام بہتر ہوگا، ترقیاتی منصوبے کے نظرثانی شدہ ڈیزائن کا جائزہ جاری
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے بلوچستان میں پنجگور ڈیم کے مجوزہ ڈیزائن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ڈیم کی تعمیر اور اس سے منسلک نہری نظام سے زرعی اراضی، کھجور کے باغات اور روایتی آبپاشی کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ 33 میٹر بلند مجوزہ پنجگور ڈیم سے تقریباً 25 ہزار ایکڑ اراضی سیراب کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 30 کلومیٹر اور 9.8 کلومیٹر طویل دو نہریں تجویز کی گئی ہیں۔ پنجگور میں ماضی میں 118 روایتی کاریزوں کے ذریعے تقریباً 6 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوتی تھی، تاہم شمسی توانائی سے زیرِ زمین پانی نکالنے کے نظام کے باعث 72 کاریز متاثر ہو چکے ہیں۔ زرعی اراضی اور کھجور کے باغات کے تحفظ کے لیے کھلی نہروں کے ابتدائی ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے پائپ لائن کے ذریعے پانی کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کی لاگت کا تخمینہ آنا باقی ہے۔
کمیٹی نے متعلقہ حکام کو محکمہ آبپاشی کی مشاورت سے پنجگور ڈیم کے ڈیزائن پر نظرثانی کی ہدایت کی، جبکہ گش کور ڈیم کے زیریں علاقوں کی زرعی اراضی اور میرانی ڈیم کو پانی کی فراہمی پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے واپڈا سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔ اجلاس میں بلوچستان کے لیے وفاقی ملازمتوں کے مختص کوٹے پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو صوبے سے ہونے والی بھرتیوں، خالی آسامیوں اور مختص کوٹے کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔