تاریخ اشاعت: November 17, 2026 - 11:01 AM
Punjab Approves Rs 23.85 Billion for Khushhal Dehat Programme
پنجاب نے خوشحال دیہات پروگرام کے لیے 23 ارب 85 کروڑ روپے منظور کر لیے
▫️ پہلے مرحلے میں 475 دیہات کی ترقی کیلئے فی گاؤں 5 کروڑ روپے مختص
پنجاب حکومت نے دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے خوشحال دیہات پروگرام کے تحت 23 ارب 85 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
حکومت نے ہر گاؤں کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کیے ہیں اور متعلقہ حکام کو نومبر تک دیہی ترقیاتی کمیٹیوں کو فنڈز کی پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے نو رکنی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں سرکاری شعبے کے پانچ اور نجی شعبے کے چار ارکان شامل ہوں گے۔ متعلقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) کمیٹی کی سربراہی کریں گے، جبکہ یونین کونسل کے چیئرمین اور متعلقہ سب انجینئر بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پروگرام کے دوسرے مرحلے میں مزید 2,000 دیہات کے لیے ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر گاؤں میں پختہ گلیوں اور نکاسیٔ آب کی سہولت فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے اور شہری و دیہی علاقوں میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔