تاریخ اشاعت: November 18, 2026 - 1:01 PM
Punjab Agrees to Partially Lift 29-Year Ban on Cooperative Societies, Announces Apna Gaon Programme
پنجاب میں 29- سال بعد کوآپریٹو سوسائٹیز پر جزوی پابندی اٹھانے پر اتفاق، اپنا گاؤں پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
▫️ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، پہلے مرحلے میں 485 اور دوسرے مرحلے میں 1500 دیہات کی ترقی کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں 29- سال بعد صوبے میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کرتے ہوئے ’’سی ایم پنجاب اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 485 دیہات جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات کی ترقی کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی۔ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جبکہ ہر کوآپریٹو سوسائٹی کی پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی بھی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام کے آغاز کے لیے 44 روز کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت دیہات کی ترقی میں مقامی آبادی کو براہ راست شریک کرنا چاہتی ہے تاکہ لوگ کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے اپنے علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق فیصلے خود کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ماڈل کا مقصد دیہی ترقی کے عمل کو مؤثر اور پائیدار بنانا ہے۔ دریں اثنا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات اور دیہی و شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔