
Published: November 18, 2026
ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے 37 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع، انتخابی مہم کیلئے ضابطۂ اخلاق جاری
لاہور | ری نیوز چیف رپورٹر ریاض حسین
ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے انتخابات 2026 کیلئے صدر، سیکرٹری و دیگر 37 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے, جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کا ضابطۂ اخلاق بھی جاری کر دیا ہے۔
چیف الیکشن کمیشن عاطف اعجاز کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق امیدواروں کو کارنر میٹنگز اور انتخابی مہم کے اختتام پر ایک ایک جلسہ منعقد کرنے کی اجازت ہوگی۔ انتخابی تشہیر کے لیے فلیکس اور بینرز لگائے جا سکیں گے، تاہم کسی بھی عمارت، دفتر، دکان، انتخابی دفتر یا ڈی ایچ اے اور نجی ملکیت کی جگہوں پر سٹکرز، پوسٹرز یا بروشرز چسپاں کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ امیدوار پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ضابطۂ اخلاق کے مطابق امیدوار صرف ووٹرز اور ایسوسی ایشن کے ممبران کے دفاتر میں جا کر بروشرز ہاتھوں سے تقسیم کر سکیں گے۔ انتخابی مہم کے دوران کسی بھی ووٹر، ممبر یا امیدوار کے خلاف نازیبا زبان، گالم گلوچ، ذاتی تضحیک یا توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح سوشل میڈیا پر مخالف امیدواروں یا ممبران کے خلاف توہین آمیز مواد شائع کرنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ ان ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں الیکشن کمیشن کو متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق میں امیدواروں کے انتخابی اخراجات کی کوئی مخصوص حد مقرر نہیں کی گئی، تاہم تمام امیدواروں کو انتخابی مہم پر کم سے کم اخراجات کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمیشن عاطف اعجاز نے تمام امیدواروں اور ایسوسی ایشن کے ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران نظم و ضبط، شائستگی اور باہمی احترام
کو یقینی بنائیں تاکہ ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے انتخابات 2026 خوشگوار ماحول میں مکمل کیے جاسکیں۔
